ہمایوں سعید نیٹ فلکس سیریز میں شہزادی ڈیانا کی محبت کا کردار نبھائیں گے

سرجن ڈاکٹر حسنات کو ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے__فوٹو فائل
سرجن ڈاکٹر حسنات کو ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے__فوٹو فائل

اداکار ہمایوں سعید کو برطانوی شاہی خاندان پر بننے والی نیٹ فلکس کی نامور سیریز 'دی کراؤن' کے پانچویں سیزن کے لیے کاسٹ کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہمایوں سعید دی کراؤن میں شہزادی ڈیانا کی مبینہ حقیقی محبت پاکستانی سرجن ڈاکٹر حسنات خان کا کردار نبھائیں گے جنہیں ڈیانا 'مسٹر ونڈر فُل' کے نام سے پکارتی تھیں۔

ہمایوں سعید کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم گزشتہ روز صحافی حسن زیدی کی جانب سے ٹوئٹر پر ہمایوں سعید کے کردار اور انہیں دی کراؤن میں کاسٹ کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔

حسن زیدی کی ٹوئٹ کے بعد شوبز کے کئی ستاروں نے ہمایوں سعید کی اس بڑی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا جس میں سرِ فہرست اداکارہ ماہرہ خان رہیں۔

اس کے علاوہ اداکار احمد علی بٹ، واسع چوہدری، علی ظفر اور عثمان خالد بٹ نے بھی ہمایوں سعید کو مبارکباد دی۔

ناصرف شوبز ستارے بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی ہمایوں سعید کو نیٹ فلکس سیریز کے لیے منتخب کیے جانے پر بے حد خوش دکھائی دیے، ہمایوں سعید کا نام گزشتہ روز سے ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے۔

واضح رہے کہ نیٹ فلکس سیریز دی کراؤن میں جہاں شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے اختتام کی کہانی دکھائی گئی ہے وہیں 1997 میں کار حادثے میں ڈیانا کی اچانک موت کا بھی ذکر ہے۔

خیال رہے کہ شہزادی ڈیانا کی ڈاکٹر حسنات سے ملاقات برطانیہ کے رائل برامپٹن اسپتال میں اس وقت ہوئی تھی جب ڈیانا اپنے ایک دوست سے ملاقات کے لیے گئی تھیں جن کے دل کا آپریشن ہوا تھا، سرجن ڈاکٹر حسنات کو ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :