17 مارچ ، 2013
کراچی…محمد رفیق مانگٹ… برطانوی اخبار ”ٹیلی گراف“ کے مطابق شہزادی ڈیانا کی ڈاکٹر حسنات کو کی گئی آخری وائس میلز ہیک کی گئی، ڈاکٹر حسنات کو خدشہ ہے کہ اس کی دوست شہزادی ڈیانا نے اپنی ہلاکت سے چند ماہ قبل اسے وائس میلز کی تھیں جنہیں ہیک کیا گیا۔اسکاٹ لینڈ نے ڈاکٹر حسنات کو گزشتہ برس بتایا تھا کہ 2007میں اس کے فون پیغامات کو ہیک کیا جاتا رہا ہے،لیکن اب ڈاکٹر حسنات کا کہنا ہے کہ اس کے پیغامات کو ہیک کرنے کا سلسلہ ایک دہائی قبل اسوقت شروع ہوا جب اس کی شہزادی ڈیانا سے قربت تھی،1996کے دوران کوئی اس کی آواز سننے کی کوشش میں تھا۔اخبار لکھتا ہے کہ شہزادی ڈیاناکے عاشق کو یہ شک ہے کہ اس کے آخری وائس میسج ہیک کرلیے گئے،ڈیانا کے سابق دوست کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شہزادی ڈیانا نے اس کے لئے انتہائی ذاتی وائس میلز کی تھیں،جن کے بارے خدشہ ہے کہ ان کی موت سے چند ماہ قبل انہیں ہیک کرلیا گیا۔معروف دل اور پھیپھڑوں کے سرجن حسنات خان جن کا دو سال تک لیڈی ڈیانا سے تعلق رہا ان کا کہنا ہے کہ 1996میں لیڈی ڈیانا کے اس کیلئے ٹیلی فون پر دیئے گئے پیغامات کو ہیک کرلیا گیا،گزشتہ سال اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ڈاکٹر حسنات کو بتایا کہ یہ ممکن ہے کہ اس کی وائس میلز کو2007 میں ہیک کیا جاتا رہا تھا،لیکن پاکستانی ڈاکٹر حسنات کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسے خدشہ ہے کہ اس کے فون ہیک کاآغاز ایک دہائی قبل ہوا جب اس کے لیڈی ڈیانا سے خفیہ تعلقات تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خان کو اسی وقت محسوس ہونا شروع ہوگیا تھا کہ جب وہ ڈیاناکے ساتھ تھے کہ کوئی ان کی آواز سننے کی کوشش میں تھا۔ان کی دوستی نجی قسم کی تھی اور اب ڈاکٹر حسنات کو خدشہ ہے اس کھوج میں میڈیا ان کو ہدف بنائے گا۔لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات کو مسٹر ونڈرفل کہا کرتی تھی۔جہلم کے رہنے والے ڈاکٹر حسنات کی لیڈی ڈیاناسے پہلی ملاقات1995میں ہوئی تھی جب وہ رائل برومپٹن ہسپتال کو دورہ کرنے آئی تھی۔