10 جنوری ، 2022
آسٹریلیا کی عدالت نے سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس کے نمبر ون کھلاڑی نواک جوکووچ کو آسٹریلیا میں داخلے کی اجازت دیدی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی عدالت نے حکومت کی جانب سے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کا ویزہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
آسٹریلیا کی سرکٹ کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے کے بعد سربین ٹینس اسٹار کو حراستی مرکز سے فوری طور پر رہا کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب حکومتی وکیل کا کہنا ہے کہ نواک جوکووچ اب آزاد ہیں اور وہ اپنی مرضی سے جب چاہیں آسٹریلیا چھوڑ سکتے ہیں۔
حکومتی وکیل کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کےامیگریشن وزیر جوکووچ کا ویزا دوبارہ منسوخ کرنے پر غورکر سکتےہیں، امیگریشن قانون کے تحت وزیر کو ویزا منسوخ کرنے کے غیرمعمولی اختیارات حاصل ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اگر وزیر نے ویزہ منسوخی کا فیصلہ کیا تو جوکووچ پر آسٹریلیا میں داخلے پر 3 سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔
یاد رہے کہ آسٹریلوی حکام نے کووڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی پر ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو ائیرپورٹ پر روکتے ہوئے ان کا ویزہ منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
ٹینس اسٹار نے آسٹریلوی حکومت کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کر دیا تھا جس پر عدالت نے جوکووچ کو ملک بدر کرنے کا معاملہ پیر تک مؤخر کر دیا تھا۔