کھیل
Time 10 جنوری ، 2022

ٹینس اسٹار جوکووچ کو رہائی ملنے کے کچھ دیر بعد دوبارہ دھر لیا گیا

میلبرن: آسٹریلیا کی پولیس نے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو  عدالت سے ملک بدری کا مقدمہ جیتنے کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ حراست میں لے لیا۔

نواک جوکووچ کو آسٹریلین حکومت کی جانب سے ملک بدری کے حکم سے متعلق کیس میں آج ہی عدالت سے کامیابی ملی تھی اور انہیں عدالتی حکم پر رہا کر دیا گیا تھا۔

آسٹریلوی عدالت نے جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کا آسٹریلین بارڈر فورس کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ٹینس اسٹار کو قانونی فیس بھی بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب حکومتی وکیل کا کہنا تھا کہ وزیر برائے ویزہ امور نوواک جوکووچ کا ویزہ منسوخ کرنے کے بارے میں دوبارہ سوچ سکتے ہیں۔

اور اب اطلاعات ہیں کہ ٹینس اسٹار کو عدالتی حکم پر رہائی ملنے کے کچھ ہی دیر بعد پولیس نے دوبارہ حراست میں لے لیا ہے۔

یاد رہے کہ نواک جوکووچ آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے آسٹریلیا پہنچے تھے لیکن بارڈر سکیورٹی فورس نے انہیں حراست میں لیکر ان کا ویزہ منسوخ کر دیا تھا۔

آسٹریلین اوپن کا آغاز 17 جنوری سے ہو رہا ہے اور جوکووچ 9 بار آسٹریلین اوپن جیت چکے ہیں۔

مزید خبریں :