10 جنوری ، 2022
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
عثمان بزدار نے کمشنر راولپنڈی کو اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اوورچارجنگ کاروبار نہیں بلکہ لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں، انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق خرید و فروخت یقینی بنائے، سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہےکہ مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا ہے، اس سلسلے میں پولیس 72 گھنٹوں تک سیاحوں کی مدد اور روڈ کلیئرکروانے کے لیے متحرک رہی۔
ترجمان کے مطابق جھیکاگلی سے لوئرٹوپہ اورلارنس کالج تک روڈ مکمل کلیئر ہے جب کہ جھیکاگلی سے کلڈنہ اورکلڈنہ سے باڑیاں تک روڈ سے برف ہٹاکرکلیئرکردیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ برف میں پھنسی گاڑیاں محفوظ مقام پرمنتقل کرکے مالکان کودی جارہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مری کے تمام داخلی راستے سیاحوں کیلئے آج رات 9 بجے تک بند ہیں۔
خیال رہے کہ مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی اور 20 سے زائد افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔