دنیا
Time 10 جنوری ، 2022

افغان وزیرخارجہ کی مزاحمتی اتحاد کے سربراہ احمد مسعود و دیگر سے تہران میں ملاقات

طالبان وفد نے احمد مسعود اور اسماعیل خان کو ان کی محفوظ افغانستان واپسی کی یقین دہانی کرائی، ذبیح اللہ مجاہد— فوٹو:فائل
طالبان وفد نے احمد مسعود اور اسماعیل خان کو ان کی محفوظ افغانستان واپسی کی یقین دہانی کرائی، ذبیح اللہ مجاہد— فوٹو:فائل 

افغانستان کے وزیر خارجہ و طالبان کے سینیئر رہنما مولوی امیرخان متقی نے پنجشیر کی مزاحمتی فورس کے سربراہ و سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود اور سابق گورنر ہرات اسماعیل خان سے ملاقات کی۔

افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر ایران گئے جہاں دارالحکومت تہران میں ایرانی ہم منصب سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان وزیرخارجہ نے تہران میں احمد مسعود اور سابق گورنر و کمانڈر اسماعیل خان سے اہم ملاقات کی ہے۔

افغان وزیرخارجہ نے بھی احمد مسعود سے ملاقات کی تصدیق کی تاہم مزاحمتی تحریک کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

ملاقات کے حوالے سے طالبان کے ترجمان و نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ وزیرخارجہ کی قیادت میں افغان وفد نے احمد مسعود اور اسماعیل خان سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

انہوں نے بتایا کہ وفد نے احمد مسعود اور اسماعیل خان کو ان کی محفوظ افغانستان واپسی کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت کی کوشش ہے صورتحال کو سب کیلئےمحفوظ اور سازگار بنایا جائے۔

خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے وادی پنجشیر کے کنٹرول کے بعد احمد مسعود ملک سے فرار ہوگئے تھے جبکہ احمد مسعود نے طالبان کے خلاف لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :