کھیل
Time 11 جنوری ، 2022

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کامیاب، سیریز ایک ایک سے برابر

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے کیل جیمیسن نے 4 اور نیل ویگنر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—فوٹو: کرک انفو/ٹوئٹر
نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے کیل جیمیسن نے 4 اور نیل ویگنر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا—فوٹو: کرک انفو/ٹوئٹر

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں  بنگال ٹائیگرز کو117 رنز سے شکست دے دی۔

فالوآن کا شکاربنگلادیش کی ٹیم دوسری اننگز میں278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم کی جانب سے  لٹن داس 102 اور کپتان مومن الحق 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے کیل جیمیسن نے 4 اور نیل ویگنر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کیویز نے اپنی پہلی اننگز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 521 رنز اسکور کیے۔

بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 126 اور دوسری اننگز میں 278رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد کیویز نے باآسانی میچ میں فتح حاصل کرلی، اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک کی برابری پر ختم ہوئی۔

کامیاب ترین بیٹر روس ٹیلر کے کیرئیر کا اختتام

علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کے کامیاب ترین بیٹر روس ٹیلر نے بنگلادیش کے خلاف اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلا، انہوں نے  گزشتہ برس دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ  موجودہ سیزن کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔

واضح رہےکہ پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے علاوہ 10 سال بعد پہلی مرتبہ کسی ایشین ٹیم نے نیوزی لینڈ میں کوئی ٹیسٹ جیتا تھا، اس سے قبل پاکستان نے جنوری 2011 میں ہملٹن ٹیسٹ جیتا تھا۔

مزید خبریں :