11 جنوری ، 2022
مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی غیر ملکی فنڈنگ پر اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے بعض حصے خفیہ رکھنے پر شدید تنقیدکی ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ پر اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں بینک اسٹیٹمنٹ اور دستاویز پرمشتمل 8 والیمز شامل نہیں ہے، کمیٹی کی تجویز پر اسٹیٹ بینک سے حاصل دستاویز بھی خفیہ رکھی گئی ہیں۔
شہباز شریف نے غیر ملکی فنڈنگ کیس کے 8 والیمز کی تفصیلات بتانےکا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ ان والیمز میں پی ٹی آئی کے تمام خفیہ بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات ہیں، انہیں خفیہ رکھنا قانوناً جرم ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانےکےکسی دباؤ ، درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے۔
خیال رہے کہ غیر ملکی فنڈنگ پر اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اسٹیٹ بینک سے حاصل کیا گیا حصہ خفیہ رکھا جائے گا تاکہ بینک اکاؤنٹس معلومات سے متعلق قانون اور رولز کی خلاف ورزی نہ ہو۔
اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کی رائے ہے کہ رپورٹ کےکچھ حصے خفیہ رکھے جائیں اور عوام کے سامنے نہ لائے جائیں۔
کمیٹی کی رپورٹ میں 8 والیم شامل نہیں جن میں اسٹیٹ بینک کی فراہم کردہ بینک اسٹیٹمنٹ اور دستاویزات ہیں۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ رپورٹ کا وہ حصہ جو اسٹیٹ بینک سے حاصل کیا گیا خفیہ رکھا جائے گا تاکہ بینک اکاؤنٹس معلومات سے متعلق قانون اور رولز کی خلاف ورزی نہ ہو۔