12 جنوری ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا کہنا ہے کہ عمران خان کے آس پاس موجود جوکروں کا پارٹی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے احمد جواد نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد درباریوں کے گھیرے میں آگئے ہیں۔
احمد جواد کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس بہت سے جوکر موجود ہیں، جوکر پتہ نہیں کہاں کہاں سے اٹھا کر مسلط کیے گئے، ان جوکروں کا پی ٹی آئی کے نظریات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں شروع سے تحریک انصاف کے ساتھ تھا اور اپنی تنخواہ سے پارٹی اخراجات کرتا تھا، میں نے ایک نظریے کے تحت پی ٹی آئی کو جوائن کیا تھا، وہ نظریہ اب نہیں رہا۔
سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا کہنا تھا کہ مری کا واقعہ ہمیں ہلانے کے لیے کافی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی احمد جواد نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ درباری کاربن مونو آکسائیڈ کی طرح ہوتے ہیں جو لیڈر کو گہری نیند اور پھر موت تک لے جاتے ہیں، بنی گالا سوتا رہا اور مری میں عوام سردی سے مرتے گئے۔