Time 12 جنوری ، 2022
پاکستان

عمران خان کے اقتدار کیلئے راہ ہموار کرنے کے انکشافات، قائمہ کمیٹی نے ثاقب نثار کو پھرطلب کرلیا

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو پیشی کیلئے پھر نوٹس بھیج دیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات کے اجلاس کیلئے ریکوزیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکوایک بار پھر کمیٹی میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ کمیٹی نے رانا شمیم کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کیا ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین جاوید لطیف نے پی ٹی آئی کے سابق صدرجاوید ہاشمی کوبھی اجلاس میں طلب کرلیا اور انہیں نوازشریف کو ہٹانے کے حوالے سے انکشافات کی تفصیل فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کمیٹی نے جاوید ہاشمی سے وزارت عظمیٰ کیلئے عمران خان کا راستہ ہموارکرنے کے بیان کے بارے میں تفصیل مانگی ہے۔ جاوید ہاشمی سے اس سلسلے میں ثاقب نثارکے کردارکے بارے میں بیان کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔

صحافی انصار عباسی، تجزیہ کار حسن نثار اور چیئرمین پیمرا کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے حسن نثارکے جمہوریت کا نام لینے والے کو گولی سے اڑانے کے بیان کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اطلاعات نے 29 دسمبر کو ثاقب نثار اور رانا شمیم کو طلب کیا تھا۔

مزید خبریں :