Time 13 جنوری ، 2022
پاکستان

سانحہ مری: بہن بھائی والد کے پاس چھٹی منانے گئے تھے، نوید اقبال کے بیٹے کی گفتگو

سانحہ مری میں جاں بحق ہونے و الے  اسلام آباد پولیس کے اہلکار نوید اقبال کے بیٹے کی واقعے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں محمد حسان نجی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے سارے بہن بھائی والد کے پاس چھٹی منانے اسلام آباد گئے تھےلہٰذا میں والدہ کے پاس رک گیا کیوں کہ اگر میں بھی چلاجاتا تو وہ اکیلی ہوجاتیں۔

حسان کے مطابق سب بہن بھائیوں نے والد کے ہمراہ مری جانے کا منصوبہ بنایا تھا جس میں مری کے لیے صبح نکلنے اور رات 10 بجے تک واپسی کا ارادہ تھا،  وہ لوگ جب صبح 9 بجے مری کے لیے نکلے تو 12 بجے دوپہر  ہمیں انہوں نے بتایا کہ ہم پھنس گئے ہیں۔

نوید اقبال کے بیٹے کا کہنا تھا کہ 18 سے 20 گھنٹے والد اور بہن بھائی مری میں پھنسے رہے، صبح 8 بجے ہم نے فون کیا تو وہ فون کسی اجنبی نے اٹھایا اور اطلاع دی کہ اس کار میں موجود پوری فیملی بے ہوش ہے، اس کے بعد ہم اسلام آباد گئے تو پتا چلا سب انتقال کرگئے ہیں۔

واضح رہےکہ مری میں سیرو تفریح کے لیے جانے والے اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی نوید اقبال شدید برفباری اور رش میں پھنسنے رہنے کی وجہ سے گاڑی میں ہی انتقال کرگئے تھے، ان کے ہمراہ تین بیٹیاں، بیٹا، بہن، بھانجی اور بھتیجا بھی گاڑی میں ہی موجود تھے اور وہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔


مزید خبریں :