لتا منگیشکر کی صحت میں بہتری آرہی ہے، آشا بھوسلے

آشا بھوسلے مداحوں کو یقین دلایا ہے لتا منگیشکر صحت یاب ہو رہی ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل
آشا بھوسلے مداحوں کو یقین دلایا ہے لتا منگیشکر صحت یاب ہو رہی ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔ فوٹو: فائل 

بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر جنہیں کورونا اور نمونیا کی وجہ سے گزشتہ روز ممبئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ان کی صحت اب بہتر ہورہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر کی بہن گلوگارہ آشا بھوسلے نے ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئےکہا کہ اسپتال میں سخت پابندیاں ہیں اور جب وہ لتا سے ملنے گئیں تو انہیں  بھی کورونا وبا کے پیشِ نظر پروٹوکولز کی وجہ سے ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تاہم انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا ہے لتا منگیشکر صحت یاب ہو رہی ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔

آشا بھوسلے نے مزید بتایا کہ ان کی بہن اوشا منگیشکر لتا جی کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ویڈیو کالز پر ان کی صحت سے متعلق اپ ڈیٹس حاصل کرتی ہیں۔

دوسری جانب جمعرات کی صبح ڈاکٹرز نے  بتایا کہ لتا اب بھی آئی سی یو وارڈ میں ہیں لیکن ان کی صحت میں معمولی بہتری آئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس اور اومی کرون کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس سے قبل کئی فنکار موجودہ لہر کا شکار ہوچکے ہیں جن میں شاہد کپور، گلوکار سونو نگم، اریجیت سنگھ اور جھانوی کپور کی بہن خوشی کپور شامل ہیں۔