14 جنوری ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان اپنی ہی جماعت سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر برس پڑے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نور عالم خان کا ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم بیک بینچرز بھی ووٹ لے کر آتے ہیں، کیا ہم صرف یہاں ووٹ دینے آتے ہیں؟
نور عالم خان نے کہا کہ ویسے گناہ گار یہ اگلی تین قطاروں والے ہی ہیں، ڈپٹی اسپیکر، آپ ہماری طرف دیکھتے ہی نہیں ہیں، آپ کو یہ ہی تین قطاریں نظر آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا پاکستان میں صرف نوشہرہ، صوابی، سوات اور میانوالی ہی ہیں؟ باقی آپ کو نظر نہیں آتا، ہمارے حلقوں میں بجلی آتی ہے، نہ گیس آتی ہے۔
نور عالم خان کا مزید کہنا تھا برائے مہربانی گاڑیوں اور جہازوں سے اتریں، عوام کی حالت دیکھیں، اگلی تین قطار والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالیں، پاکستان بچ جائےگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی پی ٹی آئی رکن اسمبلی نور عالم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم سے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری سے متعلق سوال پوچھا تھا۔
نور عالم کا کہنا تھا کہ کیا ہم سلامتی اداروں کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی آئی ایم ایف کو دیں گے؟ کیا منی بجٹ سے ہمیں گیس پانی بجلی ملے گی؟