15 جنوری ، 2022
سندھ ہائیکورٹ نے حکم دیا ہے کہ جب تک سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عمارت کا کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری نہ کرے اس وقت تک کے الیکٹرک، ایس ایس جی سی اور واٹر بورڈ کنکشن نہ دے۔
سندھ ہائیکورٹ میں ایم پی آر کالونی میں غیر قانونی طورپر تعمیر کی جانے والی پانچ منزلہ عمارت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے ایس بی سی اے کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور یہ تعمیرات ختم کراکے ڈیڑھ ماہ میں رپورٹ بھی طلب کرلی۔
عدالت نے سب رجسٹرار کو بلڈنگ کی کسی بھی دستاویز کی رجسٹریشن، کے الیکٹرک، ایس ایس جی اور واٹر بورڈ کو بھی عمارت کو کنکشن کی فراہمی سے روک دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ جب تک ایس بی سی اے عمارت کا کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری نہ کرے اس وقت تک کنکشن نہ دیا جائے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے عدالت میں پانچ منزلہ غیر قانونی عمارت کی تعمیر سے متعلق رپورٹ جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ ایم پی آر کالونی میں تعمیر ہونے والی عمارت کی کوئی منظوری نہیں لی گئی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر قانونی تعمیرات گرانے میں مدد کے لیے درخواست کی ہے۔