17 جنوری ، 2022
قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہےکہ وہ جب بھی کہیں پھسنتے ہیں تو سابق کپتان سرفراز سے مشورہ لیتے ہیں۔
بابراعظم نے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی کی جانب سے منعقد کی جانے والی تقریب سے خطاب کیا اور سرفراز احمد سے متعلق گفتگو کی۔
دوران تقریب میزبان زینب عباس نے بابر سے کپتانی کے دوران ساتھی کھلاڑیوں سے مشورے سے متعلق سوال کیا جس پر بابر کا کہنا تھا کہ میں ٹیسٹ میچز میں ہمیشہ مشورے کے لیے نائب کپتان شاداب خان اور محمد رضوان کے پاس جاتا ہوں، مشورے کے لیے سینئر کھلاڑیوں سے بھی مدد لیتا ہوں اگر شعیب ملک میچ میں موجود ہوں تو ان کے پاس جاتا ہوں۔
بابر نے مزید کہا کہ اگر کوئی زیادہ اہم مشورہ لینا ہو تو میں سرفراز کے پاس جاتا ہوں کیوں کہ ان کے پاس کپتانی کا تجربہ کافی زیادہ ہے اور سرفراز نے کئی عرصہ ٹیم کو لیڈ کیا ہے لہٰذا ان کے پاس خیالات اچھے ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ جب بھی میں کہیں پھنستا ہوں تو سرفراز احمد کے پاس جاتا ہوں اور اس کے بعد مجھے کافی مدد ملتی ہے۔
اس موقع پر بابر نے بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری ٹیم کے لیے یادگار لمحہ بھارت کے خلاف میچ جیتنے کا تھا کیوں کہ اس دن ہم بلاخوف کھیلے اور پریشر بھی نہیں تھا۔
بابر نے مزید کہا کہ کپتانی کے دوران میں نے صبروتحمل سیکھا اور دیکھا کہ انسان جتنا پرسکون رہتا ہے اتنے ہی اچھے فیصلہ کرسکتا ہے۔