18 جنوری ، 2022
کشمیر روڈ پر نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر قتل کرنے والے ملزم نے خودکشی کرلی۔
فیروز آباد کے علاقے پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں کشمیر روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ کو قتل کرنے والے مبینہ ملزم نے گرفتاری سے قبل خود کشی کرلی۔
سینیئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایسٹ قمر رضا جسکانی کے مطابق شاہ رخ قتل کیس میں ایک مشتبہ ملزم علی فرزند جعفری کی گرفتاری کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے گلشن اقبال بلاک 7 میں ایک ریسٹورنٹ پر چھاپہ مارا۔
انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران پولیس کو دیکھ کر ملزم نے اچانک اپنا پستول نکال کر کنپٹی پر خود کو گولی مار لی، متوفی شعبہ انویسٹی گیشن پولیس کا سپاہی تھا جو ویسٹ میں تعینات تھا۔
پولیس کے مطابق خود کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار کو سی سی ٹی وی کی مدد سے شناخت کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی مختلف زاویوں کی دیگر کیمروں سے بھی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی گئی تھی جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی گلشن اقبال میں موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے پاکستان ایمپلائز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں کشمیر روڈ کے قریب ایک گھر کے باہر ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک ملزم کی فائرنگ سے نوبیاہتا نوجوان شاہ رخ جاں بحق ہوگیا تھا۔