18 جنوری ، 2022
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ انہیں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کرنا ہے کیونکہ ان کی پرفارمنس بہتر ہوگی تو وہ دوسروں پر سوال اٹھا سکیں گے۔
شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کے پری کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کی اور اس دوران کہا کہ فاسٹ بولرز کا انداز جارحانہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے انہیں غصہ بھی آتا ہے لیکن جب آپ کپتان ہوتے ہیں تو پھر آپ کو غصہ کنٹرول کرنا پڑتا ہے اور پرسکون رہتے ہوئے سب سے کام لینا پڑتا ہے ۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کپتانی کی وجہ سے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے ، ذمہ داری بڑھ جاتی ہے تاہم اس ذمہ داری کا دباؤ نہیں ہوتا بس ذمہ داری لینا پڑتی ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے محمد حفیظ کی وجہ سے خاصی مدد مل رہی ہے وہ سینئر کھلاڑی ہیں میں ان سے پوچھتا ہوں اور سیکھتا ہوں جس کا مجھے فائدہ ہو رہا ہے ۔
شاہین کا مزید کہنا تھا کہ کیمپ میں محمد حفیظ جیسے سینئرکھلاڑی کے ہونے کا بہت فائدہ ہوا ۔