19 جنوری ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے اس سیزن میں بھی چند میچز کے لیے بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کی ۔
ایک میچ کے دوران حارث رؤف کا ایک منفرد اسٹائل خاصا مشہور ہوا، انہوں نے وکٹ لے کر جشن منانے کے لیے ہاتھ پر سینی ٹائزر اور چہرے پر ماسک لگانا شامل کیا جسے بہت پزیرائی ملی۔
آسٹریلیا سے وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہو ئے فاسٹ بولر حارث رؤف نے بتایا کہ بگ بیش لیگ کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا، میلبرن اسٹارز کی ٹیم کووڈ کیسز سے بہت متاثر ہو ئی، کوشش کی کہ میلبرن اسٹارز کی توقعات پر پورا اتروں۔
'آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے بہت کیسز بڑھ رہے تھے'
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے کیسز بہت بڑھ رہے تھے، ایک دن میں نے سوچا کہ اس حوالے سے آسٹریلوی باشندوں کو آگاہی دینی چاہیے اور اس طرح میں نے جیب میں ماسک رکھا اور وکٹ لینے کے بعد جشن منایا اور بتایا کہ موجودہ حالات میں ہاتھ سینی ٹائز کرنا اور چہرے پر ماسک لگانا بہت ضروری ہے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ یہ اسٹائل پسند کیا گیا، یہ آگاہی پیدا کرنے کے لیے میری طرف سے ایک معمولی سی کوشش تھی۔
لاہور قلندرز کو اس مرتبہ ٹرافی جتوانے کی کوشش کریں گے: حارث
پی ایس ایل 7 کے لیے بھی حارث رؤف لاہور قلندرز کا حصہ ہیں اور کہتے ہیں کہ لاہور قلندرز کو اس مرتبہ ٹرافی جتوانے کی پوری کوشش کریں گے، ہماری بولنگ اچھی ہے، شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان بولنگ لائن اپ میں شامل ہیں، اپنے لیگز کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
اس کے علاوہ حارث رؤف نے اپنے قریبی دوست شاہین آفریدی کے لاہور قلندرز کے کپتان بننے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
'شاہین دوست گراؤنڈ سے باہر ہیں، گراؤنڈ میں ساتھی کھلاڑی اور اب کپتان ہیں'
کہتے ہیں کہ شاہین آفریدی دوست گراؤنڈ سے باہر ہیں، گراؤنڈ میں ساتھی کھلاڑی اور اب کپتان ہیں، ان کے کپتان بننے سے خوشی ہو ئی ہے، انہیں مکمل سپورٹ کریں گے اور 100 فیصد دے کر انہیں کامیاب کریں گے۔
حارث رؤف کا مزید کہنا تھا کہ شاہین آفریدی ایک اچھے بولر تو ہیں ہی لیکن اب ایک کامیاب کپتان بھی ثابت ہو ں گے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ شاہین آفریدی متحرک کپتان ہیں، وہ بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں اور اچھا کرنا چاہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے پی ایس ایل 7 کے لیے وقت سے پہلے کیمپ لگایا تاکہ کھلاڑی مکمل تیار ہوں اور ایونٹ میں اچھا پرفارم کریں۔