Time 20 جنوری ، 2022
پاکستان

شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع کرادی

شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ان کی والدہ کی ویڈیو ان کی مرضی کے بغیر نشر کی— فوٹو: شرمیلا فاروقی ٹوئٹر
شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ان کی والدہ کی ویڈیو ان کی مرضی کے بغیر نشر کی— فوٹو: شرمیلا فاروقی ٹوئٹر

رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے ٹی وی اینکر نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ میں درخواست جمع کرادی۔

شرمیلا فاروقی کا کہنا ہے نادیہ خان نے اپنے یوٹیوب چینل پر ان کی والدہ کی ویڈیو ان کی مرضی کے بغیر نشر کی، اس ویڈیو میں والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اپنایا گیا۔

 شرمیلا فاروقی نے جیونیوز  سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے کو درخواست دی ہے، کسی کو حق نہیں پہنچتا کہ کسی کی دل آزاری یا تضحیک کرے۔

کچھ روز قبل نادیہ خان کی شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے نہ صرف کچھ صارفین نے ناپسند کیا بلکہ خود شرمیلا کو بھی وہ ویڈیو مناسب نہیں لگی جس پر انہوں نے نادیہ خان کیخلاف سائبر کرائم سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

تاہم نادیہ خان نے ایک نجی ٹی وی سے مختصراً گفتگو میں کہا کہ انہوں نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو ڈیلیٹ کردی ہے، اب جنہیں سائبر کرائم جانا ہے، اپنا شوق پورا کرلیں۔

نادیہ نے بات جاری رکھتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ شرمیلا فاروقی کی باتوں پر مزید کچھ نہیں کہنا چاہتیں، اگر انہوں نے کچھ کہا تو بات مزید بڑھے گی اور معاملہ دوسرا رخ اختیار کرلے گا۔

مزید خبریں :