پاکستان
Time 21 جنوری ، 2022

کراچی میں آج سے تیز ہوائیں چلنے اور سردی بڑھنےکا امکان

کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں  ایک بار  پھر سردی میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے باعث سردی بڑھے گی اور  درجہ حرارت 13 ڈگری  تک جا سکتا ہے۔

کل سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے: چیف میٹرولوجسٹ  

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کل سے کراچی شہر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے اور سردی کی یہ لہر 27 جنوری تک رہ سکتی ہے، اس دوران رات کا درجہ حرارت 8 سے  10  ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے اور 36 سے 45کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

صبح کے وقت میں اوس بھی پڑی: سردار سرفراز

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ سمندری ہوائیں چلنے سے کراچی کا مطلع جزوی ابرآلود ہے، جنوب مغرب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 18 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے صبح کے وقت میں اوس بھی پڑی۔

 حکام محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا کم سے کم  درجہ حرارت 14سے 16ڈگری سینٹی گریڈ اور  ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ

مزید برآں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ  آج سے  بارشوں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگا جس  کے تحت بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت،  پشین، قلعہ عبداللہ میں بارش اور  برفباری  جبکہ بارکھان، ژوب، نوکنڈی، دالبندین  اور  نوشکی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید خبریں :