22 جنوری ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق پی ایس ایل کیلئے پلیئرز اور آفیشلز کی ہوٹل آمد کے موقع پر ہونیوالی کووڈ 19 ٹیسٹنگ میں 8 افراد کے نتائج مثبت آئے ہیں جن میں 3 پلیئرزاور 5 سپورٹ اسٹاف کے ممبران شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 سلمان نصیرکے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹل آمد پر 250 افراد کے کووڈ ٹیسٹ ہوئے جن میں سے 8 ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
سلمان نصیر کے مطابق ان 8 میں3 پلیئرز اور 5 سپورٹ اسٹاف کے ممبران شامل ہیں جن کو آئیسو لیٹ کردیا گیا ہے۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق ان تمام افراد کے ہوٹل پہنچنے سے 48گھنٹے قبل لیےجانے والے ٹیسٹس منفی رہے تھے۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ جن افراد کے کووڈ ٹیسٹ منفی آئے ہیں وہ ہوٹل میں قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے اور دو منفی نتائج حاصل کرنے کے بعد 24 جنوری سے ٹریننگ شروع کرسکیں گے۔
انہوں نے مزیدبتایا کہ پی سی بی نے ببل کی تشکیل سے ایک ہفتہ قبل ہی ہوٹل اسٹاف کی کووڈ ٹیسٹنگ کرائی تھی جن افراد کےنتائج مثبت آئے وہ گھر میں آئیسولیٹ ہیں۔
سلمان نصیر نے کہا کہ جس غیرمعمولی صورتحال کا سامنا ہے اس میں کووڈ کیسز سامنے آئیں گے مگر پی سی بی نے 27 جنوری سے 27 فروری تک ایونٹ مکمل کرانے کے لیے مربوط پروٹوکولز بنارکھے ہیں۔