پاکستان
Time 22 جنوری ، 2022

کراچی دوسرے روز بھی گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں، معمولات زندگی متاثر

کراچی مسلسل دوسرے روز گرد و غبار کے طوفان کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہے۔

شہر قائد میں آج بھی تیز ہواؤں اور گرد آلود فضا کے باعث نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کے معمولات زندگی متاثر ہیں جبکہ عوام کو سانس لینے میں تکلیف کا بھی سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہواؤں کے باعث حد نگاہ بھی متاثر ہوئی ہے اور ائیرپورٹ کے قریب حدنگاہ 500 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور شہر کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق فضائی آلودگی کے اعتبار سے کراچی آج دنیا میں تیسرے اور پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے اور شہر کی فضا میں پرٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 224 ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ روز شہر میں طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چلنے کے باعث دیواریں گرنے اور مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے طوفانی ہواؤں کے باعث آج سے شہر کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جانے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27جنوری تک شہر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ 

مزید خبریں :