22 جنوری ، 2022
پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو شہرہ آفاق ترک سیریز کے مرکزی کردار ارطغرل غازی قرار دے دیا۔
شاہین آفریدی کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میں اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ہمیشہ بابر کو کہتے ہیں کہ آپ بتائیں ہمیں کیا کرنا ہے کیونکہ وہ ہمارے ارطغرل غازی اور ہم ان کے سپاہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں بھارتی کرکٹر کے ایل راہول کی وکٹ میرے کیرئیر کی بہترین وکٹوں میں سے ایک ہے۔
نوجوان فاسٹ بولر نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے کہا کہ ٹاکرے سے قبل عجیب سا ماحول بن جاتا ہے کہ یہ پاکستان اور انڈیا کا میچ ہے۔
روہت شرما کو آؤٹ کرنے سے متعلق سوال پر شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ روہت کے خلاف پلاننگ سے بولنگ کرائی، مجھے معلوم تھا کہ وہ عامر کے خلاف ان سوئنگ گیند پر آؤٹ ہوئے تھے جس کا میں نے بھی فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا ہوا تھا جب بھی بھارت کے خلاف موقع ملا تو اچھی کارکردگی دکھاؤں گا۔