Time 22 جنوری ، 2022
کھیل

پی ایس ایل کے کمنٹیٹرز کا اعلان، 2 بڑے نام پہلی مرتبہ لیگ کا حصہ

انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دوسری مرتبہ کمنٹری کرنے آرہے ہیں__فوٹو: پی سی بی
 انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دوسری مرتبہ کمنٹری کرنے آرہے ہیں__فوٹو: پی سی بی

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز سے بھرے کمنٹری پینل کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ جب انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے سابق کرکٹرز اور معروف کمنٹیٹرز بالترتیب نک نائٹ اور مائیک ہیزمین پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

مائیک ہیزمین حال ہی میں جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی کمنٹری کرنے پاکستان آچکے ہیں۔

ان کے علاوہ انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دوسری مرتبہ کمنٹری کرنے آ رہے ہیں۔ وہ کراچی میں کھیلے جانے والے لیگ کے پہلے مرحلے میں کمنٹری کریں گے۔

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر ڈینی موریسن قذافی اسٹیڈیم کے کمنٹری باکس میں موجود ہوں گے۔ زمبابوے کی معروف آواز پومی ایمبینگوا بھی لیگ کے پہلے مرحلے کے لیے دستیاب ہوں گے۔

غیرملکی ستاروں کے علاوہ پاکستان کے سابق کرکٹرز اور ممتاز کمنٹیٹرز بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری لائیو ایکشن پر تبصرہ کرنے کے لیے کمنٹری باکس کا حصہ ہوں گے۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس، بازید خان، ثناء میر، عروج ممتاز، مرینہ اقبال کے علاوہ اردو کمنٹری میں پاکستان کی موجودہ پہچان طارق سعید بھی لیگ میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

کتنے کیمرے لیگ میں استعمال ہوں گے؟

ایونٹ کی کوریج کے دوران 30 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ اس دوران دنیا بھر کے ناظرین کے لیے بگی اور ڈرون کیمرے کے ذریعے کرکٹ کے خوبصورت اور دلکش مناظر بھی عکسبند کیے جائیں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں ایرن ہالینڈ کی بحیثیت پریزینٹر لیگ میں واپسی ہوئی ہےجبکہ زینب عباس اور سکندر بخت کی جوڑی پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کرے گی۔

مزید خبریں :