کھیل
Time 23 جنوری ، 2022

کراچی کنگز کا گیم چینجر اور میچ ونر کون ہے؟ بابر اعظم نے بتا دیا

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ٹیم کے گیم چینجر اور میچ ونر کی نشاندہی کی ہے۔

پی ایس ایل سے قبل آن لائن پریس کانفرنس میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ مجھے پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے، یہ ایک ذمہ داری ہے ، میں مزید فوکس کروں گا اور اچھا کرنے کی کوشش کروں گا۔

گیم چینجر کون ہے؟

انہوں نے کہا کہ شرجیل خان کے ساتھ اوپننگ کرنا اچھا لگتا ہے ، وہ گیم چینجر ہیں، وہ اس وقت اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں لیکن انٹر نیشنل کرکٹ کے تقاضے مختلف ہوتے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ انٹر نیشنل کرکٹ کے لیے انہیں ابھی اپنی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

میچ ونر بولر:

کپتان بابر اعظم نے محمد عامر کو میچ ونر بولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد عامر نے پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے لیے بہت اچھا کیا ہوا ہے اور کئی میچز جتوائے ہیں، وہ کراچی کنگز کے لیے میچ ونر ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے نئے کوچ پیٹر موریس ایک منجھے ہو ئے کوچ ہیں، پلاننگ کے حوالے سے ان کے ساتھ اچھی بات چیت ہو ئی ہے، اس سیزن میں کراچی کنگز اچھا کرے گی۔

کراچی اور لاہور سخت حریف

کراچی اور لاہور کے آپس میں سخت حریف ہونے کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ لاہور اور کراچی کے میچ کو کراؤڈ بہت انجوائے کرتا ہے، فینز اس میں بہت دلچسپی لیتے ہیں ، ہمارے لیے بھی بہت انجوائے منٹ ہوتی ہے، اس مرتبہ بھی دونوں ٹیموں کے درمیان اچھا میچ ہو گا۔ 

بابر نے کہا کہ شاہین آفریدی نے خود کو ثابت کیا ہوا ہے، ان کو کھیلنا ہر کسی کے لیے ٹف ہوتا ہے  جبکہ حارث رؤف بھی وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، انہیں بھی محتاط ہو کر کھیلنا پڑتا ہے اس لیے اچھا مقابلہ ہوگا۔

مزید خبریں :