24 جنوری ، 2022
کوئٹہ: ایران سے مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع گوادر،کیچ اور پنجگور میں بجلی کی مکمل سپلائی تاحال بحال نہ ہو سکی۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ( کیسکو ) کے حکام کے مطابق ایران سے آنے والی 132 کےوی کی ٹرانسمیشن لائن سے مکران ڈویژن کو 20 میگاواٹ بجلی فراہم کی جاتی ہے۔
ترجمان کیسکو کا بتانا ہے کہ 80 میگا واٹ کی کمی کے باعث مکران میں اضافی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے اور گوادر،کیچ اور پنجگور کے تمام فیڈرز کو 2، 2 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
کیسکو حکام کا بتانا ہے کہ ایران سے بجلی کی سپلائی بحال ہونے پر مکران ڈویژن کو معمول کے مطابق بجلی فراہم کر دی جائےگی۔
مکران کے تینوں اضلاع میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے عوام کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔