’سلمان خان کے فارم ہاؤس میں کئی فلمی ستاروں کی لاشیں دفن ہیں'

سلمان خان نے چند روز قبل ممبئی کے پنویل میں واقع اپنے فارم ہاؤس کے پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھاْ/فوٹوفائل
  سلمان خان نے چند روز قبل ممبئی کے پنویل میں واقع اپنے فارم ہاؤس کے پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھاْ/فوٹوفائل

بالی وڈ کے معروف اداکار سلمان خان  ان دنوں  ممبئی کے پنویل میں واقع اپنے فارم ہاؤس کے پڑوسی کے خلاف مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے چند روز قبل ممبئی کے پنویل میں واقع اپنے فارم ہاؤس کے پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

سلمان خان نے پڑوسی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کیوں دائر کیا گیا؟

سلمان خان نے ہتک عزت کے مقدمے میں الزام لگایا تھا کہ پنویل میں ان کے فارم ہاؤس کے قریب زمین کے مالک کیتن ککڑ نے یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی۔

سلمان کی جانب سے دائر درخواست کے مطابق کیتن ککڑ نے انٹرویو میں گالیاں دیں، مقدمے میں شو میں حصہ لینے والے دو دیگر افراد کو بھی مدعی کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔

گستاخانہ مواد کو ہر ویب سائٹ سے بلاک اور ہٹانے کی ہدایت کی جائے: اداکار کا مطالبہ

اس معاملے پر یوٹیوب کے علاوہ سلمان خان نے اپنے کیس میں فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل جیسی سوشل میڈیا سائٹس کا نام بھی شامل کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس گستاخانہ مواد کو ہر ویب سائٹ سے بلاک اور ہٹانے کی ہدایت کی جائے۔

بالی وڈ اداکار سلمان خان پر ان کے پڑوسی کی جانب سے جو الزام لگائے گئے وہ درج ذیل ہیں۔

 سلمان خان کے فارم ہاؤس میں کئی فلمی ستاروں کی لاشیں دفن کی گئی ہیں: پڑوسی کا الزام

اس معاملے میں ممبئی سٹی سول کورٹ میں حالیہ سماعت میں سلمان خان نے اپنے وکیل کے ذریعے پڑوسی کیتن ککڑ  پر غیر ضروری طور پر ان کی مذہبی شناخت کو تنازع میں گھسیٹنے کا الزام لگایا ہے،   کیتن ککڑ پر  یہ بھی الزام ہے کہ کیتن نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ سلمان خان کے فارم ہاؤس میں کئی فلمی ستاروں کی لاشیں دفن کی گئی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے وکیل پردیپ گاندھی نے سماعت کے دوران عدالت کے سامنے کیتن ککڑ کی پوسٹس اور انٹرویو پڑھے۔

سلمان بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں: پڑوسی کا الزام

سلمان  کے وکیل نے کہا کہ کیتن نے سلمان خان پر 'ڈی گینگ' کا فرنٹ مین ہونے، مذہبی شناخت پر تبصرہ کرنے اور مرکز اور ریاستی سطح پر حکمراں جماعت سے وابستہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔

یہی نہیں کیتن نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سلمان بچوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور فلمی ستاروں کی لاشیں بھی ان کے فارم ہاؤس میں دفن ہیں۔

خیال رہے کہ سلمان کے پڑوسی کیتن ککڑ کی ویڈیوز کافی شیئر کی جا رہی تھیں۔

سلمان خان نے وکیل کے ذریعے عدالت سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کیتن کو  انھیں  بدنام کرنے سے روکے اور سوشل میڈیا سے ان کے خلاف تمام ویڈیوز ہٹانے کے احکامات جاری کرے۔

کیتن بغیر کسی کاغذی ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں: وکیل سلمان خان

 کیتن ککڑ کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے اپنے وکیل پردیپ گاندھی کے ذریعے عدالت میں کہا کہ یہ الزامات بغیر کسی کاغذی ثبوت کے لگائے جا رہے ہیں اور میری ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 

 سلمان نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ جائیداد کے تنازع میں آپ میری ذاتی ساکھ کیوں خراب کر رہے ہیں؟ آپ میرے مذہب کو اس جھگڑے کے بیچ میں کیوں لا رہے ہیں؟ میری ماں ہندو ہے، باپ مسلمان ہے اور میرے بھائیوں نے بھی ہندو لڑکیوں سے شادی کی ہے، ہم سب مل کر تمام تہوار مناتے ہیں۔

سلمان خان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ پڑھے لکھے آدمی ہیں، ایسے الزامات لگانے والے غنڈے  نہیں، آج کل سب سے آسان کام لوگوں کو اکٹھا کرنا ہے اور سوشل میڈیا پر اپنا غصہ نکالنا ہے" سلمان نے یہ بھی کہا کہ ان کی سیاست میں جانے کی کوئی خواہش نہیں ہے۔

خیال رہے کہ سلمان خان ممبئی کے علاقے باندرہ میں اپنی پوری فیملی کے ساتھ رہتے ہیں لیکن وہ اکثر خاندان کے ساتھ معیاری وقت گزارنے کے لیے پنویل میں اپنے فارم ہاؤس جاتے ہیں،  ان کے پڑوسی کیتن ککڑ کا تعلق بھی ممبئی سے ہے اور ان کا سلمان خان کے فارم ہاؤس کے قریب پہاڑی پر ایک پلاٹ ہے۔

مزید خبریں :