24 جنوری ، 2022
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جب دلہا بارات کے موقع پر ہی اپنی ہونے والی بیوی پر شدید غصہ کر بیٹھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو میں شادی کا جشن چل رہا تھا، دلہا دلہن سمیت سب ڈانس کر رہے تھے کہ اتنے میں دلہن کا کزن محفل میں آیا اور دلہن کے ساتھ ڈانس کرنے لگا۔
رپورٹ کے مطابق دلہن کے کزن نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا جو دلہا کو ناگوار گزرا اور اس نے اپنی ہونے والی اہلیہ کو بھری محفل میں زور دار تھپڑ جڑ دیا۔
اس واقعے پر دلہن سمیت محفل کے شرکاء کو سانپ سونگھ گیا، بعدازاں لڑکی نے اپنے والدین سے بات کی اور شادی رکوا دی اور محفل میں ہی موجود ایک شخص کا انتخاب کرتے ہوئے مقررہ وقت پر اس کے ساتھ شادی کرلی۔
دوسری جانب اپنے غصے پر قابو نہ رکھنے والے دلہا نے لڑکی اور اس کے گھر والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی اور شادی کے انتظامات پر خرچ ہونے والے 7 لاکھ بھارتی روپے دینے کا مطالبہ کیا۔