26 جنوری ، 2022
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ سندھ پولیس کا ایم کیو ایم کی ریلی پر تشدد، یہ ڈنڈے جو ان پر برسائے گئے ان کے ہی پیسوں سے خریدے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان فوری کراچی آئیں، وزیراعظم کو آج فیصلہ کرنا ہے کہ وہ پاکستان توڑنے والوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان بچانے والوں کے ساتھ؟
ایم کیو ایم رہنما نے فوری طور پر آئی جی سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ وہ ’لڑنا نہیں چاہتے‘ لیکن سب کو پتہ ہے کہ وہ ’لڑنا جانتے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھاکہ آصف زرداری اگر وزیراعلیٰ کوکنٹرول نہیں کرتے تو بلاول ہاؤس بھی کراچی میں ہی ہے، آج وزیراعلیٰ ہاؤس پر نہتے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کرکے کراچی کے منہ پر کالک ملنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ایم کیو ایم نے کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔
خیال رہے کہ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنے پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی جس کے باعث رکن سندھ اسمبلی سمیت کئی کارکنان زخمی ہوگئے۔