27 جنوری ، 2022
حکومتی اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ نواز شریف کی واپسی سے باہر نکل کر عوامی مسائل پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف پر جتنے پیسوں کا الزام ہے اس سے زیادہ ان کے کیسز پرخرچ کردیے، کچھ بھی کرلیں نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔
چوہدری شجاعت حسین کاکہنا ہےکہ آج کل نوازشریف کےآنےجانےکی فکرلگی ہے لیکن چاہےکچھ بھی کرلیں وہ واپس نہیں آئیں گے، اگران کی پارٹی اور ورکر کہیں تو الگ بات ہے،جو خود وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں وہ نواز شریف کو واپسی کا کہیں تو یہ تو مضحکہ خیز بات ہے۔
ایک بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ سال کام کرنےکا ہے، اگر ایسےکاموں میں ہی لگے رہے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے، کوئی پارٹی یا لیڈرمہنگائی کےخاتمے کیلئے پارلیمنٹ میں مثبت پلان دے تو اپنےارکان سےکہوں گاکہ ان کی بات سنیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنے پیسوں کا الزام نواز شریف پر ہے ان سے زیادہ تو ان کے کیسوں کے چکر میں خرچ کردیےگئے، اگر نواز شریف کی واپسی کیلئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں تو یاد رکھیں زندگی موت کی کوئی گارنٹی نہیں دےسکتا، اس کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے۔
چوہدری شجاعت نےکہاکہ آج کل لیڈرایک دوسرےکی ٹانگیں کھینچنےمیں لگے ہیں جس کا انجام عنقریب وہ خوددیکھ لیں گے۔