پاکستان
Time 28 جنوری ، 2022

’سینیٹ سے بل کی منظوری پر یوسف رضا گیلانی اور پی پی کا شکریہ‘، فواد

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل کی سینیٹ سے منظوری پر یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کے شکر گزار ہیں۔

لاہور میں میڈيا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ آج اپوزیشن کو اس ایوان میں بھی شکست ہوئی جہاں اسے نام نہاد اکثریت حاصل ہے۔

اپوزیشن کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ اپوزيشن ہے جو تحریک عدم اعتماد کا خواب دیکھ رہی تھی، وہ پریشان ہیں کہیں اپوزیشن ایک دوسرے کے کپڑے ہی نہ پھاڑ لے۔

ان کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان اپنا منجن اور حلوہ بیچنے کے چکر میں ہیں، مسلم لیگ ق اہم اتحادی ہے، اتحادیوں کے ساتھ پہلے بھی معاملات حل کیے، اب بھی معاملات ٹھیک ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سینیٹ سے بل کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی شرائط پوری ہو گئیں،  اسٹیٹ بینک کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا گیا، آئی ایم ایف کے معاہدے سے کریڈٹ ریٹنگز بہتر ہو جاتی ہیں۔

وفاقی وزير نے دعویٰ کیا کہ شاہد خاقان عباسی اور کچھ دوست نواز شریف کے خلاف عدم اعتماد لانے کا ارادہ رکھتے ہیں، نواز شریف آ نہیں رہے بلکہ انہیں لایا جا رہا ہے جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں ان کیلئے نئے کمرے اور باتھ روم تیار کروا رہے ہیں۔

راوی اربن پروجیکٹ پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ عدالتیں جب بھی پالیسی کیسز میں گئی ہیں اس کا فائدہ نہیں ہوا، جب بھی عدالت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے ، ملک کو نقصان ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود حکومت نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری سے متعلق ترمیمی بل سینیٹ سے منظور کرا لیا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہوا جس میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر رائے شماری کرائی گئی جس میں بل کے حق میں 43 اور مخالفت میں 42 ووٹ آئے۔

مزید خبریں :