Geo News
Geo News

Time 31 جنوری ، 2022
دلچسپ و عجیب

بیٹا 29 سال کی عمر میں بھی کنوارہ، شرمندہ باپ کی خودکشی کی کوشش

یہ واقعہ شنگھائی ریلوے اسٹیشن پر 22 جنوری کو پیش آیا جب 55 سالہ نامعلوم شخص سکیورٹی گارڈز کو ایک پرچہ دینے کے بعد اچانک بے ہوش ہو گیا۔ —فوٹو: فائل
یہ واقعہ شنگھائی ریلوے اسٹیشن پر 22 جنوری کو پیش آیا جب 55 سالہ نامعلوم شخص سکیورٹی گارڈز کو ایک پرچہ دینے کے بعد اچانک بے ہوش ہو گیا۔ —فوٹو: فائل 

والدین کا خواب ہوتا ہے کہ وہ اپنے جیتے جی اپنی اولاد کی شادی دیکھ لیں ،کچھ خوش قسمت والدین کو یہ موقع نصیب ہوتا ہے  جبکہ کچھ اس خوشی سے محروم رہتے ہیں۔

چین میں ایک عجیب  واقعہ پیش آیا جہاں ایک شرمندہ باپ نے اپنے 29 سالہ بیٹے کے ابھی تک  کنوارے ہونے کی وجہ سے خودکشی کی کوشش کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ شنگھائی ریلوے اسٹیشن پر 22 جنوری کو پیش آیا جب 55 سالہ نامعلوم شخص سکیورٹی گارڈکو ایک کاغذ دینے کے بعد اچانک بے ہوش ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق نامعلوم شخص کی جانب سے گارڈ کو دیا گیا کاغذ کا پرچہ اصل میں اپنے بیٹے کے نام اس کا ایک خط تھا جس میں لکھا تھا کہ 'میری عمر کے افراد گاؤں میں دادا، نانا بھی بن گئے لیکن تم نے ابھی تک شادی ہی نہیں کی  جس کی وجہ سے میں بہت شرمندگی سے زندگی گزار رہا ہوں'۔

اطلاعات کے مطابق مبینہ طور پر کیڑے مار دوا پینے کے بعد ریلوے اسٹیشن پر گرنے والے  شخص کو حکام نے فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے فوری طبی امداد دی ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکشی کرنے والے  شخص کی جان اب خطرے سے باہر ہے جبکہ اس نے  دعویٰ کیا کہ اس نے خودکشی کی کوشش کرنے سے قبل اپنے بیٹے سے شنگھائی میں ملاقات کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق نامعلوم شخص نے بتایا کہ وہ یہ جاننے کے بعد بہت مایوس ہو گیا تھاکہ اس کا بیٹا ابھی تک غیر شادی شدہ ہے۔