31 جنوری ، 2022
بالی وڈ کے دبنگ خان نے آخر کار اپنی ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کو اداکار وِکی کوشل سے شادی پر مبارکباد دے ہی دی۔
گزشتہ شب بھارت کے مقبول رئیلٹی شو بگ باس سیزن 15 کے فنالے میں شو کے سابق فاتح امیدوار بطور مہمان شریک ہوئے جن میں شوئیتا تیواری، اروشی دھولکیا، گوتم گلاٹی، گوہر خان اور روبینہ دلیک شامل تھیں۔
شو میں شریک راکھی ساونت نے روبینہ دلیک کو چیلنج دیا اور کترینہ کیف کے گانے 'چکنی چمیلی' پر ڈانس کرنے کا کہا، سلمان خان نے بھی ڈانس میں دونوں کا ساتھ دیا اور اختتام پر کیمرے کی جانب دیکھتے ہوئے کہا 'کترینہ، شادی مبارک ہو'۔
بعدازاں شو میں 13ویں سیزن کی مایا ناز امیدوار شہناز گل شریک ہوئیں، شہناز گِل نے کترینہ کی شادی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ’سر! آپ خوش رہو، اگر میں زیادہ بول گئی تو مجھے معاف کیجیے گا۔‘
شہناز گِل نے سلمان خان سے کہا کہ ’ویسے آپ سنگل زیادہ اچھے لگتے ہیں جس پر اداکار نے کہا کہ ہاں! جب سنگل ہوجاؤں گا تو زیادہ اچھا لگوں گا۔‘سلمان خان کا جواب سُن کر شہناز گِل سمیت وہاں موجود تمام افراد حیران ہوئے جس پر شہناز نے پوچھا ’مطلب! آپ ابھی سنگل نہیں ہیں؟‘
شہناز گِل کے پوچھنے پر سلمان خان بغیر جواب دیے مبہم سی مسکراہٹ دے کر رہ گئے۔