31 جنوری ، 2022
سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے ایف آئی اے کی کارروائی کے خلاف وکیل کے ذریعے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
حریم شاہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ غیر ملکی کرنسی کے خلاف میری ویڈیو وائرل ہوئی تھی، کرنسی کے حوالے سے وضاحتی ویڈیو جاری کرچکی ہوں۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے نے حریم شاہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کیلئے بینکوں سے رجوع کیا ہے، وہ ایف آئی اے سے انکوائری میں تعاون کرنا چاہتی ہیں اور برطانیہ سے واپسی پر گرفتاری کا خدشہ ہے لہٰذا ایف آئی اے کو کارروائی سے روکا جائے۔
عدالت نے منی لانڈرنگ انکوائری میں ایف آئی اے کو حریم شاہ کے خلاف کارروائی سے روکتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔