01 فروری ، 2022
وفاقی حکومت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو جعلی قرار دے دیا اور عدلیہ سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ امریکا میں بیٹھا ذاتی معالج، لندن میں موجود نوازشریف کی جعلی میڈیکل رپورٹس بنارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ عدالتی نظام اور قانون کا مذاق اڑانے کے سوا کچھ نہیں، جھوٹی رپورٹس سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، نواز شریف عوام کے پیسے واپس کریں، آرام سے لندن میں رہیں۔
خیال رہے کہ نواز شریف کی تازہ طبی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی ہے جس کے مطابق ڈاکٹروں نےنواز شریف کو سفرکرنے سے روکا ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کرونری انجیو گرافی ہونے تک ادویات لیتے رہیں، صحت سینٹرکے قریب ہی رہیں، انجیو گرافی کرائے بغیر لندن سے نہ جائیں، نوازشریف علاج کے بغیر پاکستان گئےتو ان کی حالت بگڑ سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف زیادہ دباؤ میں ہیں، ذہنی دباؤ سے ان کی بیماری مزید بگڑسکتی ہے۔
یہ میڈیکل رپورٹ امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سےعدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔