Time 02 فروری ، 2022
انٹرٹینمنٹ

چھوٹی عمر کی شادی کے حق میں بیان کے بعد خواتین پیچھے پڑ گئیں: زرنش خان

ضروری نہیں جو سوچ آپ کی ہو وہی سب کی ہو، ہمیں ہر کسی کی رائے کا احترام کرنا چاہیے: زرنش خان—فوٹو: زرنش/انسٹاگرام
ضروری نہیں جو سوچ آپ کی ہو وہی سب کی ہو، ہمیں ہر کسی کی رائے کا احترام کرنا چاہیے: زرنش خان—فوٹو: زرنش/انسٹاگرام

معروف اداکارہ زرنش خان کا کہنا ہے کہ چھوٹی عمر کی شادی کی حمایت کی تو متعدد خواتین میرے پیچھے پڑ گئیں۔

کچھ روز قبل اداکارہ زرنش خان کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر مقبول ہوا جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی 17 سال کی عمر میں شادی ہوگئی تھی، ساتھ ہی اداکارہ نے اپنا ذاتی خیال بیان کیا اور کہا کہ وہ سمجھتی ہیں چھوٹی عمر کی شادیاں بہتر ہوتی ہیں۔

تاہم اب اداکارہ نے اپنے اس بیان پر وضاحت پیش کی ہے، اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ ضروری نہیں جو سوچ آپ کی ہو وہی سب کی ہو، ہمیں ہر کسی کی رائے کا احترام کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بہت سارے مسائل اور ان کے حل موجود ہیں، ضروری نہیں کہ ہر مسئلے کو ایک ہی طرح سے حل کیا جائے، اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنا قطعاً مناسب نہیں ہے۔

اداکارہ نے وضاحت پیش کی اور کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ جلدی شادی کرنے سے لوگ جلد سیٹل ہو جاتے ہیں اور یہ بات میں نے صرف لڑکیوں کے لیے نہیں کہی تھی۔

زرنش خان نے مزید کہا کہ انسان کی عمر بڑھنے کے ساتھ وہ اپنی زندگیوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے گھبراتا ہے اسی لیے میں نے کہا تھا کہ جلد شادی کرلینے سے زندگی اچھی گزرتی ہے۔

مزید خبریں :