03 فروری ، 2022
ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے لندن میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے ملاقات کی ہے۔
حریم شاہ جو حال ہی میں منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے میڈیا میں خبروں کی زینت بنیں،انہوں نے بدھ کے روز لندن میں کنگسٹن اپون تھیمز کراؤن کورٹ کے باہر ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین سے ملاقات کی۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ وہ عدالت کے باہر چہل قدمی کر رہی تھیں کہ انہوں نے پاکستانی میڈیا نمائندوں کو عدالت کے باہر جمع دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں نے مجھے بتایا کہ الطاف حسین اپنی سماعت کے لیے عدالت کے اندر ہیں تو میں اور میری دوست عدالت کے اندر چلےگئے۔
حریم شاہ نے برطانیہ کے قواعد و ضوابط کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ مجھے بغیر کسی پریشانی کے عدالت کے اندر جانے دیا گیا۔
انہوں نے بانی ایم کیو ایم سے ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے عدالت میں الطاف حسین کو دیکھا تاہم ہم باہر آگئے لیکن سماعت کے اختتام ہونے کے بعد وہ بھی اپنے گارڈز کے ہمراہ عدالت کے باہر آئے۔
عدالت سے باہر آتے ہی ان کے گارڈز نے ہمیں بانی ایم کیوایم سے ملاقات کرنے سے روکا لیکن الطاف حسین کھڑے رہے اور مجھے سے ملاقات کی اور کافی ساری باتیں کرنے کے ساتھ دعائیں بھی دیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ گارڈز کے منع کرنے کے باوجود وہ رکے، مجھے پہچانا اور مجھ سے ملاقات کی۔
حریم نے بتایا کہ وہ الطاف حسین کے بارے میں صرف اتنا ہی جانتی ہیں کہ وہ ایم کیو ایم کے بانی ہیں اس کے علاوہ کچھ معلوم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا پر جو چلتا ہے میں اس پر یقین نہیں کرتی تاہم مجھے ان سے مل بہت خوشی ہوئی۔