پاکستان

ایم کیو ایم ریلی پر تشدد: انکوائری کے بعد ایس ایس پی جنوبی کو ہٹانے کے احکامات جاری

سندھ حکومت نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی ریلی پرپولیس تشددکی انکوائری رپورٹ جاری کردی۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق 26 جنوری کو ایم کیو ایم نے ریڈزون میں مظاہرہ کیاتھا، ریڈ زون میں واقع ہوٹلز میں کرکٹ کے انٹرنیشنل کھلاڑی قیام پذیر تھے۔

رپورٹ آنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی ساؤتھ زبیر شیخ کو فوری ہٹانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل سے بھی وضاحت طلب کرلی ہے۔

اس حوالے سے وزیراطلاعات سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے اپنے احتجاجی روٹ کی خلاف ورزی کی تھی، رپورٹ کے مطابق ایم کیوایم نے اپنے احتجاجی روٹ کی خلاف ورزی کی، انہیں ریڈ زون کے بجائے پریس کلب پر احتجاج کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نہ ہونے سے ریلی ریڈ زون میں داخل ہوئی، ریلی سے پی ایس ایل کے کھلاڑی اس دن پریکٹس کیلئےاسٹیڈیم نہ جاسکے جبکہ پی ایس ایل شیڈول کے مطابق کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم جاکر پریکٹس کرنی تھی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری داخلہ کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا، ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی کی نشاندہی پر تشددکرنے والے پولیس اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :