Time 05 فروری ، 2022
پاکستان

پی پی اور ن لیگ کا اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی لاہور میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے ن لیگ کو اپنے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی جس پر ن لیگ نے شرط عائد کی کہ لانگ مارچ کے اختتام پردھرنا دیں گے تو ساتھ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے دھرنا دینے سے انکار کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران مریم نواز  نے اپنے موبائل پر نواز شریف سے آصف زرداری کی بات بھی کروائی۔ 

ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا تاہم تحریک عدم اعتماد کے وقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے سامنے ن لیگ سے رابطے میں رہنے والے پی ٹی آئی کے 20 اراکین کے نام بھی رکھے گئے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر آصف علی زرداری اور بلاول کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔

ملاقات میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

مزید خبریں :