05 فروری ، 2022
سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد ریٹائرمنٹ کے بعد ہفتے کی شام پہلی بار کراچی پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں معمول کا پروٹوکول اور سکیورٹی فراہم کی گئی۔
یکم فروری کو ریٹائرمنٹ کے بعد سابق چیف جسٹس گلزار احمد ہفتہ 5 فروری کی شام نجی ائیرلائن کی پرواز آئی آر 503 سے اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔
سابق چیف جسٹس گلزار احمد کی فیملی کے ارکان بھی ان کے ہمراہ کراچی آئے ہیں۔
کراچی ائیرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی کراچی رجسٹری کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔ جسٹس گلزار احمد کراچی ائیرپورٹ سے معمول کی پولیس سکیورٹی اور پروٹوکول میں ڈیفنس میں واقع نجی رہائش گاہ پہنچے۔
بتایا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس گلزار احمد اگلے چند روز تک کراچی میں قیام کریں گے۔