06 فروری ، 2022
سروں کی ملکہ اور ’بلبل ہند‘ کے نام سے مشہور برصغیر کی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔
لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں آج صبح چل بسی تھیں اور ان کے انتقال سے گلوکاری کا ایک عہد تمام ہوا۔
ممبئی کے شیوا جی پارک میں لتا منگیشکر کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔
آخری رسومات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی، بالی وڈ اداکار عامر خان، شاہ رخ خان اور کرکٹر سچن ٹنڈولکر سمیت کئی سیاسی و فلمی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر عامر خان، شاہ رخ خان، رنبیر کپور سمیت کئی گلوکاروں اور اداکاروں نے خراج عقیدت پیش کیا۔
شاہ رخ خان نے اپنی منیجر پوجا ڈڈلانی کے ہمراہ ان کی میت پر پھول رکھے اور ہاتھ اٹھا کر دعا کی جس کے بعد پھونکا۔
شاہ رخ خان کی خراج عقیدت پیش کرنے کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارف روپام نے لکھا کہ یہ کیا ہے؟ تھوک دیا کیا؟
اس پر کئی سوشل میڈیا صارفین نے صارف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی اصلاح کرتے ہوئے بتایا کہ شاہ رخ نے پڑھ کر پھونکا ہے اور فیک نیوز پھیلانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
اس ویڈیو پر ایک صارف نے لکھا کہ شاہ رخ نے دعا کر پھونکی ہے لیکن منفی سوچ لوگوں کے دماغ میں ہے۔