Time 07 فروری ، 2022
انٹرٹینمنٹ

'تعصب انسان کو اندھا کردیتا ہے'، ریشم شاہ رخ کی حمایت میں سامنے آگئیں

اداکارہ ریشم نے آواز اٹھائی اور تعصب پھیلانے والے افراد پر تنقید کی__فوٹو: اسکرین گریب
اداکارہ ریشم نے آواز اٹھائی اور تعصب پھیلانے والے افراد پر تنقید کی__فوٹو: اسکرین گریب

گزشتہ روز آنجہانی گلوکارہ لتا منگیشکر کی آخری رسومات  کی ادائیگی کی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی جس میں شاہ رخ خان اپنی منیجر پوجا ڈڈلانی کے ہمراہ میت پر پھول رکھ رہے تھے اور  ساتھ ہی انہوں نے ہاتھ اٹھا کر فاتحہ پڑھی اور لتا کی میت پر پھونکا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے تنقید شروع کردی کہ شاہ رخ لتا کی میت پرتھوک رہے تھے جس کے بعد اداکار کے نام کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔

تاہم اس پر اداکارہ ریشم چپ نہ رہ سکیں اور تعصب پھیلانے والے افراد پر تنقید کی۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آتی کہ تعصب انسان کو اتنا اندھا کیوں کر دیتا ہے؟'۔

انہوں نے کہا کہ 'شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ کے دل کالے ہوجاتے ہیں تو آپ کو کسی کے اچھے عمل اور اس کی نیک نیتی پر بھی شبہ ہونے لگتا ہے'۔

ریشم کا مزید کہنا تھا کہ 'شاہ رخ نے لتا جی کی سمادھی پر کچھ پڑھ کر پھونکا ہے  جسے وہاں کے تعصب پسند لوگوں نے تھوکنا قرار دے دیا ہے لہٰذاجو بھی باشعور شخص اسے  کُھلی آنکھوں سے دیکھے گا تو اسے اندازہ ہوجائے گا کہ شاہ رخ نے پُھونکا ہے تھوکا نہیں'۔

مزید خبریں :