07 فروری ، 2022
لندن: وزیراعظم کے سابق معاون اور پی ٹی آئی کے رہنما ذلفی بخاری کا کہنا ہےکہ شہزاد اکبر کو سسٹم کی سمجھ نہیں تھی۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں ذلفی بخاری نے کہا کہ شہزاد اکبر کی احتساب میں ناکامی کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں اور شاید شہزاد اکبر کو سسٹم کی سمجھ نہیں تھی، شہزاد اکبرکی ٹیم اچھی نہیں تھی یاوہ اچھےقانون دان ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ہم سے توقعات تھیں کہ ہم لوٹا ہوا پیسہ واپس لائیں گے، پیسہ نہیں تو کم از کم نواز شریف کو واپس لانے میں کامیاب ہوں گے۔
ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبرصحیح طرح سنبھال نہیں سکے، ان کے لیے بعض لوگوں نے ساڑھے تین سال سب اچھاہےکی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی، شہزاد اکبرکے زبردست کام کی رپورٹس وزیراعظم کوپیش کرنے والوں کی بھی چھٹی ہونی چاہیے جب کہ صرف شہزاداکبرکو احتساب کی ناکامی کاذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قریبی مشیربھی درست کام نہ کرے تو وزیراعظم ایکشن لینےمیں دیر نہیں لگاتے، اب ایسٹس ریکوری کے نئے سربراہ سے توقع ہے کہ وہ احتساب کا عمل یقینی بنائیں گے۔
ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عدالتی اصلاحات کا بروقت نہ ہونا ہماری کمزوری ہے جسےتسلیم کرتے ہیں۔