Time 08 فروری ، 2022
انٹرٹینمنٹ

اکشے کمار سے جھگڑے کی خبریں،کپل کا بیان سامنے آگیا

میں نے ابھی اکشے کمار جی سے بات کی ہے اور سب کچھ حل کرلیا ہے، یہ ایک مِس کمیونیکیشن تھی۔ کپل شرما—فوٹو: فائل
' میں نے ابھی اکشے کمار جی سے بات کی ہے اور سب کچھ حل کرلیا ہے، یہ ایک مِس کمیونیکیشن تھی'۔ کپل شرما—فوٹو: فائل 

بھارتی کامیڈین کپل شرما نے بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی آئندہ فلم  'بچن پانڈے'  کی پروموشن کے لیے دی کپل شرما شو میں شرکت نہ کرنے کی تمام خبروں کی تردید کردی۔

بھارتی میڈیا میں اکشے کمار اور کپل کے درمیان جھگڑے کی خبریں گردش کررہی تھیں  اور کہا جارہا تھا کہ اکشے 'دی کپل شرما شو' میں اپنی اگلی فلم 'بچن پانڈے' کی پروموشن کے لیے نہیں آئیں گے۔

تاہم اب کپل شرما نے میڈیا پر چلنے والی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کیا اورکہا کہ' میں نے ابھی اکشے کمار جی سے بات کی ہے اور سب کچھ حل کرلیا ہے، یہ ایک مِس کمیونیکیشن تھی'۔

انہوں نے کہا کہ' ہمارے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے اور ہم بہت جلد بچن پانڈے کی قسط کی شوٹنگ کرنے والے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکشے کمار میرے بڑے بھائی ہیں وہ کبھی بھی مجھ سے ناراض نہیں ہوسکتے۔

معاملہ کیا تھا؟

اس سے قبل بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ اکشے کمار مبینہ طور پر کامیڈین کپل شرما سے ناراض ہوگئے ہیں کیونکہ انہوں نے وہ ویڈیو لیک کی جسے نشر کرنے سے اداکار نے منع کیا تھا۔

یہ لیک ویڈیو مبینہ طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کے انٹرویو سے متعلق تھی۔

ہندوستان ٹائمز کا کہنا تھا کہ کپل نے اکشے سے ایک 'مشہور شخصیت' کے ساتھ کیے گئے انٹرویو کے بارے میں پوچھا اور کہا کہ آپ انٹرویو میں یہ بھی پوچھیں کہ آپ کو آم کھانا کیسا لگتا ہے۔

یہ سن کراکشے کمار ہنس پڑے تھے ،کپل مبینہ طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اکشے کے انٹرویو کا حوالہ دے رہے تھے، اکشے اور کپل کے درمیان ہونے والی اس گفتگو کا کلپ مبینہ طور پر تنازع کی وجہ بنا۔

لیک ویڈیو؟

بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ شوٹنگ ختم ہونے کے بعد اکشے نے چینل سے درخواست کی کہ وہ کلپ کو نشر نہ کرے کیونکہ اس میں وزیر اعظم کے دفتر پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذرائع نے ویب سائٹ کو بتایا تھا، ’یہ مہمانوں کا حق ہے کہ وہ ایسی درخواست کریں کیونکہ شو لائیو نہیں ہے، چینل نے اتفاق کیا لیکن وہ کلپ کچھ ہی دیر میں انٹرنیٹ پر لیک ہو گیا‘۔

یہ کپل کی ٹیم میں کسی کی طرف سے اعتماد کی خلاف ورزی تھی اور اکشے نے شو میں دوبارہ شرکت سے پہلے وضاحت طلب کی ہے۔

تاہم کپل شرما نے اکشے کمار کے ساتھ جھگڑے کی تمام خبروں کو غلط قرار دے دیا ہے۔

مزید خبریں :