Time 09 فروری ، 2022
دنیا

'ہندو دوستوں نے میرا ساتھ دیا'، انتہا پسندوں کا مقابلہ کرنیوالی مسکان کا بیان

جب میں کالج میں داخل ہوئی تو وہ مجھے صرف اس لیے اجازت نہیں دے رہے تھے کہ میں نے برقع پہنا ہوا تھا: مسکان__فوٹو: اسکرین گریب
جب میں کالج میں داخل ہوئی تو وہ مجھے صرف اس لیے اجازت نہیں دے رہے تھے کہ میں نے برقع پہنا ہوا تھا: مسکان__فوٹو: اسکرین گریب 

بھارتی ریاست کرناٹک میں تن تنہا انتہا پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی باحجاب طالبہ مسکان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ہندو دوستوں نے ان کی مدد کی۔

گزشتہ روز بھارتی یاست کرناٹک کے ایک کالج میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جب ہندو انتہا پسندوں کے ایک جتھے نےکالج آنے والی مسکان پر دھاوا بول دیا اور طالبہ نے بہادری کے ساتھ ڈٹ کے اس جتھے کا مقابلہ کیا۔

بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے مسکان نے کہا کہ ’میں تنہا ان کا سامنا کرنے کے لیے پریشان نہیں تھی اور اگر مستقبل میں بھی ایسا واقعہ پیش آیا تو میں اپنے حجاب پہننے کے حق کے لیے لڑتی رہوں گی‘۔

مسکان نے کہا کہ ’جب میں کالج میں داخل ہوئی تو وہ مجھے صرف اس لیے اجازت نہیں دے رہے تھے کہ میں نے برقع پہنا ہوا تھا، اس گروپ کے تقریباً 10 فیصد مرد کالج کے طالب علم تھے جب کہ باقی لوگ باہر کے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں کلاس میں صرف حجاب پہنتی تھی جب کہ برقع اتار دیتی تھی کیونکہ حجاب ہمارے دین کا ایک حصہ ہے، پرنسپل نے کبھی کچھ نہیں کہا اور نہ ہی پرنسپل نے ہمیں برقع نہ پہننے کا مشورہ دیا۔‘

مسکان نے بتایا کہ  ’میرے ہندو دوستوں نے میرا ساتھ دیا، میں خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہوں، ہر کوئی ہمیں کہہ رہا ہے کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘

واضح رہے کہ بھارتی ریاست کرناٹک اور مدھیا پردیش میں باحجاب طالبات کے اسکولوں میں داخلے پر عائد پابندی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ 

مزید خبریں :