Time 09 فروری ، 2022
پاکستان

پاکستان میں 5G سروس جنوری 2023 تک شروع کردی جائے گی، امین الحق

ابتدائی طور پر پانچ بڑے شہروں میں فائیو جی سروس شروع کی جائے گی، فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری— فوٹو: فائل
ابتدائی طور پر پانچ بڑے شہروں میں فائیو جی سروس شروع کی جائے گی، فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری— فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن امین الحق کا کہنا ہے کہ 5G سروسز کا آغاز دسمبر 2022 یا جنوری 2023 تک کر دیا جائے گا،   ابتدائی طور پر پانچ بڑے شہروں میں فائیو جی سروس شروع کی جائے گی۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن نے فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں ایڈوائزری کمیٹی 13 ارکان پر مشتمل ہوگی، ارکان میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق اور وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا ہے کہ کمیٹی عالمی معیار کے مطابق پاکستان میں دستیاب اور استعمال ہونے والے اسپیکٹرم کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی فائیو جی سروسز شروع کرنے کے لیے اسٹریٹجی پلان کے جائزے کے بعد اس کی منظوری دے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجی پلان کے لیے اسٹیک ہولڈرز خصوصاً ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کمیٹی کنسلٹنٹ کی تجاویز کی روشنی میں فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے طریقہ کار کی منظوری بھی دے گی۔ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی میں ٹیلی کام سیکٹرز کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے قابل عمل بنایا جائے گا۔

مزید خبریں :