Time 10 فروری ، 2022
انٹرٹینمنٹ

’انہیں انہی کی زبان میں جواب دو، جھنڈے کا نقاب بناؤ‘، شبانہ اعظمی چپ نہ رہ سکیں

بھارتی ریاست کرناٹک کے کالج میں انتہاپسند جتھے کے سامنے ڈٹ جانے والی طالبہ مسکان کے حق میں  اداکارہ شبانہ اعظمی بھی بول پڑیں۔

چند روز قبل کرناٹک کے کالج میں پیش آنے والے واقعے میں مسلم طالبہ کو ہندو انتہا پسندوں کے جتھے نے ہراساں کیا جس پر لڑکی نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جب کہ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اس پر ردعمل دیا۔

طالبہ مسکان کی حمایت میں اس سے قبل بھی کئی بالی وڈ اداکارائیں اور سیاستدان سامنے آچکے ہیں تاہم اب بھارت کی سینئر  اداکارہ شبانہ اعظمی نے مسکان کے ساتھ پیش آنے والے  واقعے پر رد عمل کا اظہار کیا اور  بھارتی جھنڈے کا حجاب بنانے کی تجویز دے دی۔

شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ کیوں نا انتہا پسندوں کو انہی کی زبان میں جواب دیا جائے۔

خواتین کو اپنی مرضی کے کپڑے پہننے کا اختیار حاصل ہے: پریانکا گاندھی

کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی کا کہنا تھا کہ حجاب ہو.، گھونگھٹ یا جینز ، خواتین کو اپنی مرضی کے کپڑے پہننے کا اختیار حاصل ہے۔

دوسری جانب  طالبہ مسکان کے حق میں ممبئی کی  خواتین نے بھی مظاہرہ کیا ہے۔

 خیال رہے کہ  کرناٹک ہائیکورٹ نے یہ معاملہ لارجر بینچ کو بھیج دیا ہے  جس کے بعد حجاب پر عارضی ریلیف کا معاملہ بھی لارجر بینچ دیکھے گی۔

مزید خبریں :