10 فروری ، 2022
وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے جنوبی پنجاب صوبےکےقیام سے متعلق شہبازشریف اور بلاول بھٹو کو خط لکھ دیے۔
شاہ محمودقریشی نے یہ خط بحیثیت وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف تحریر کیے ہیں۔
خط جنوبی پنجاب صوبےکےقیام سےمتعلق درکارقانون سازی میں تعاون کے لیے لکھے گئے ہیں، دونوں خط پارلیمنٹ میں دونوں رہنماؤں کے چیمبرز میں موصول ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل ایک بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین کروڑ لوگوں کی اس خواہش کو پورا کرنے میں بنیادی رکاوٹ، ایک آئینی ترمیم ہے جس کے لیے پارلیمنٹ کی دو تہائی اکثریت درکار ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس رکاوٹ کو دور کرنےکے لیے میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں اور ساڑھے تین کروڑ لوگوں کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے اس اقدام کو حقیقت بنانے میں تاریخی کردار ادا کریں۔