14 فروری ، 2022
بالی وڈ کی مقبول اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے شوہر رتیش سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
گزشتہ کچھ روز سے راکھی اور رتیش کے حوالے سے خبریں سرگرم تھیں کہ دونوں کا ازدواجی تعلق مسائل کا شکار ہے اور وہ اب ساتھ نہیں تاہم اب راکھی نے خود ہی ان خبروں کی تصدیق کردی ہے۔
راکھی ساونت نے انسٹاگرام پر اپنے چاہنے والوں کے لیے ایک تحریری پوسٹ شیئر کی اور بتایا کہ میں نے اور رتیش نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
راکھی نے کہا بگ باس 15 کے اختتام کے بعد کافی چیزیں ہوئیں اور میں کافی باتوں سے لاعلم بھی تھی جو میرے اختیار میں نہیں تھیں، ہم نے اپنے اختلافات کو دور کرنے کی کوشش کی لیکن مجھے لگتا ہے یہی بہتر ہے کہ ہم دونوں آگے بڑھیں اور دوستانہ طور پر الگ الگ اپنی زندگی بسر کریں۔
اداکارہ نے لکھا کہ اس وقت میں کافی اداس ہوں اور میرا دل ٹوٹا ہوا ہے کہ یہ ویلنٹائن ڈے سے پہلے ہونا تھا لیکن مجبوراً ہمیں فیصلہ کرنا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں امید کرتی ہوں رتیش اپنی زندگی بہتر طریقے سے گزاریں گے، اس کے بعد مجھے اپنے کام اور اپنی زندگی پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی اور خود کو خوش اور صحت مند رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اداکارہ راکھی ساونت نے پہلی مرتبہ اپنے شوہر کو بگ باس 15 میں متعارف کروایا تھا جہاں وہ رتیش کے ہمراہ وائلڈ کارڈ کے طور پر بگ باس کے گھر میں داخل ہوئی تھیں۔