پاکستان
Time 15 فروری ، 2022

مونس الہٰی کی وزیراعظم کو ساتھ نبھانےکی یقین دہانی پر سیاست دانوں میں ہلچل

حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر مونس الہٰی کے وزیراعظم عمران خان کو ساتھ نبھانے کی یقین دہانی کے بیان پر سیاست دانوں میں ہلچل مچ گئی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہےکہ مونس الہٰی نے وزیراعظم کا دل رکھنے کے لیے کچھ فقرے کہہ دیے، سیاست دان اپنے دل اور حکمت عملی کی بات سب کے سامنے نہیں کرتے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ  پی ڈی ایم کمیٹی بنا رہی ہے، جو تین چار  روز میں تمام جماعتوں سے ملےگی۔

 مونس الہٰی کے بیان پر پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ ناراض نظر آئے، ان کا کہنا ہے کہ مونس الہٰی کے الفاظ بہت قابلِ اعتراض ہیں، کامل علی آغا نے کہا تھا کہ ہماری آج تک مشاورتی میٹنگ نہیں ہوئی،جب کہ ق لیگ نے پیپلز پارٹی، مولانا فضل الرحمان اور ن لیگ کو اپنی جماعت میں عدم اعتمام کی تحریک پر مشاورت کا کہا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ایک تقریب میں وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے وزیراعظم کو ساتھ نبھانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

مونس الٰہی نے اپوزیشن رہنماؤں کی چوہدری شجاعت اور پرویز الہٰی سے ملاقات پر وزیراعظم کو اطمینان دلاتے ہوئےکہا تھا کہ جو سیاسی ماحول بنا ہوا ہے اس میں کوئی ایسی چیز نہیں، ایک تماشہ بنا ہوا ہے لیکن ہم سیاسی لوگ ہیں، کوئی گھر آئے تو اسے ویلکم کرتے ہیں۔

مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ تعلقات بناتے اور نبھاتے ہیں، ہمارا آپ سے تعلق نبھانے کے لیے بنا ہے، پی ٹی آئی والوں کو تگڑے طریقے سے کہہ دیں گھبرانا نہیں ہے۔


مزید خبریں :